Elite Literature Society of Saudi Arabia 171

الیٹ لٹریچر سوسائٹی سعودی عرب کی جانب سے سہ روزہ ادبی فیسٹیول کا انعقاد

(جویریہ اسد ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )
الیٹ لٹریچر سوسائٹی سعودی عرب کی جانب سے 10 سے12 جون 2021 سہ روزه آن لائن ادبی میلہ منعقد کیا گیا جس کا مقصد ادب کی مختلف اصناف کو مفصل اور جامع انداز میں نئی نسل سے روشناس کرانا تھا۔ اس فیسٹیول کا مرکزی خیال اظہار پر مبنی تھا۔ ادب ہمیں انسانی تجربات کا ایک تفصیلی جائزہ پیش کرتا ہے ، جس سے ہمیں مطالعہ ، نثّرنگاری، شاعری اور آرٹ کے ذریعے جذبات اور مشاہدات کا اظہار کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اسی مرکزی خیال کے پیش نظر فیسٹیول کے ہر دن کو ایک مخصوص موضوع سے آراستہ کیا گیا جو کہ تقریر نویسی ،تصنیف اور شاعری پر مبنی تھا۔
پروگرام کی نظامت سوسائٹی کی بانی جویریہ اسد، فنانس سیکریٹری اسد علی حسن اور خصوصی رکن صائمہ دستگیر نےکی جبکہ بچوں کی نشست کو کڈز کلب کے کارڈینیٹرز فیض علی حسن اور محمد ہنزلہ طارق نے بخوبی نبھایا۔
دنیا بھرسے معروف مصنفین اور شعرائے کرام کو بطور مقررین مدعو کیا گیا۔ اس ادبی فیسٹیول کے مہمانان خصوصی پاکستان کےمشہور شاعر اور اسکالر افتخار عارف اور میڈیا کی معروف شخصیت اور اینکر توثّیق حیدر تھے۔ افتخار عارف نےاپنی گفتگو میں نئ نسل کی ادب اور تہذیب سے آشنائی پر زور دیا اورکہا کہ ہمیں اپنی ثّقافت اور اردو زبان کے فروغ کے لۓ کام کرنا چاہئے ۔
توثّیق حیدر صاحب نے اپنی نشست میں میڈیا کے ذریعے ادب کے فروغ کے حوالےسے گفتگو کی۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ایک اچھے مقرر کے لئے زبان پر عبور اور تلفظ کی درستگی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
دیگر مقررین میں پانامہ سے معروف مصنفہ جیسیکا لوک ہارٹ،امریکہ سے مزاح رائٹر جان وارہاس، شاعر جان بیشپ، نیدرلینڈ سے مصنفہ ڈاکٹر سسکیہ ہرکیمہ نےشرکت کی اور ادب کی مختلف اصناف کے حوالےسے سیر حاص گفتگو کی۔ سعودی عرب سے محترم رضوان احمد نے اپنی کتاب بکھرے موتی کا مفصل جائزہ پیش کیا۔نعیم جاوید نے علامہ اقبال کے فلسفہ حیات پر روشنی ڈالی۔ پا کستان سے معروف بک ٹیوبر شاہ رخ ندیم اور ریڈ پاکستان کی وائس چئیر پرسن فاطمہ گیلانی نے کتب بینی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ نازیہ کامران کاشف نےاپنی تصانیف مکلی اور عشق زاد کا تعارف کروایا۔ نئی نسل کی نمائندگی کرتےہوۓ زینب لودھی نے اپنی کتاب گل بانو کا جائزہ پیش کیا۔ معروف شاعرحسن عباس رضا نے شاعری کے حوالے سے با مقصد گفتگوکی اور اپنی خوب صورت شاعری سے محفل میں ایک جان ڈال دی۔
سوسائٹی کے صدر پروفیسر محمد وحید اسلم نےاپنےافتتاحی خطاب میں ادب کی اہمیت پرروشنی ڈالی اور تمام مقررین کو خوش آمدید کہا۔ سوسائٹی کے کڈز ونگ کے بچوں نے بھی مختلف کتابوں کے جائزے پیش کئےاور مصوری کےفن پارے دکھاۓ۔
اختتامی کلمات میں بانی جویریہ اسد نے تمام مقررین اور سامعین کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ اداکیا ۔ جبکہ سوسائٹی کے نائب صدر میمبرسازی احسن محمود ملک اور نائب صدر تعلیم روبینہ شاہین نے سوسائٹی کے اغراض ومقاصد اور مستقبل کےلائحہ عمل سے سامعین کو آگاہ کیا۔ حاظرین محفل نے سوسائٹی کی ادب کے فروغ کےلئے کاوشوں کوسراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں